ون پولیس پلازہ میں افطار اور کریسنٹ لائٹنگ کی پروقار تقریب
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی مسلم آفیسرز سوسائٹی نے رمضان المبار ک کے آغاز پر پولیس ہیڈ کوارٹرز ون پولیس پلازہ میں برقی چاند ستارے روشن کردیے اور افسران کو روزہ بھی افطار کرایا۔۔
رمضان المبارک کے آغاز پر مسلم آفیسرز سوسائٹی کے زیرِ اہتمام پولیس ہیڈ کوارٹرز ون پولیس پلازہ میں دوسری سالانہ کریسنٹ لائٹنگ کی تقریب کا اہتمام کیا جس کی باقائدہ ابتدا مسلم چیپلن امام طاہر نے تلاوت اور دعا سے کی۔۔تقریب میں نیویار ک پولیس کی کمشنر جیسیکا ٹِش سمیت دیگر علیٰ افسران اور ایم او ایس کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔۔شرکاٗ سے خطاب میں کمشنر جیسیکا ٹِش نے رمضان کی مبارکباد دی،ان کا کہنا تھا کہ ڈیپارٹمنٹ میں تعینات مسلم افسران نظم و ضبط اور دیانتدار ی کے ساتھ اس شہر کی خدمت کر رہے ہیں۔تقریب میں این وائے پی ڈی میں پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا اور دیگر عہدوں پر تعینات افسران بھی شریک تھے ۔ اس موقع پر مسلم آفیسر ز سوسائٹی کے صدر ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر نے کمشنر جیسیکا ٹش سے اظہارِ تشکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان افسران حالتِ روزہ میں بھی اپنی پیشہ ورانہ خدمات میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں آنے دیتے۔اس موقع پر پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نےرمضان المبارک کے آغاز کی مناسبت سے برقی چاند اور ستارے کو روشن کیا۔تقریب میں شریک دیگر مقررین نے مسلم افسران کی پیشہ ورانہ خدمات اور بلا تفریق کمیونٹی سروسز کو سراہا۔۔آخر میں پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اذان دی گئی جس کے بعد شرکا نے مل کر ورزہ افطار کیا۔