vosa.tv
Voice of South Asia!

اسرائیل کی غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت، نیتن یاہو نے دستاویز پر دستخط کردیے

0

واشنگٹن: اسرائیل نے غزہ بورڈ آف پیس میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی، وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے دورۂ واشنگٹن کے دوران متعلقہ دستاویز پر دستخط کردیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتِ حال اور غزہ سے متعلق مجوزہ امن فریم ورک پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر نیتن یاہو نے غزہ بورڈ آف پیس سے متعلق دستاویز پر دستخط کیے، جس کے بعد اسرائیل کی اس فورم میں شمولیت باضابطہ طور پر مؤثر ہوگئی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اسرائیلی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں غزہ سمیت مختلف امور زیرِ غور آئیں گے، تاہم گفتگو کا مرکزی نکتہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات ہوں گے۔یاد رہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کے ابتدائی چارٹر پر دستخط کی تقریب جنوری کے آخر میں ڈاووس میں منعقد ہوئی تھی، جس میں 17 ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں لاطینی امریکا، یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور ایشیائی خطوں کے نمائندے شریک ہوئے تھے۔بعد ازاں نیتن یاہو کے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت قبول کریں گے۔ اس سے قبل اسرائیلی قیادت نے غزہ ایگزیکٹو بورڈ کی تشکیل، خصوصاً قطر اور ترکی کے کردار سے متعلق بعض تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ادھر وائٹ ہاؤس کی جانب سے روس، فرانس، جرمنی، چین اور دیگر ممالک کو بھی اس فورم میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی، تاہم پولینڈ اور اٹلی نے اس بورڈ میں شامل نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق نیتن یاہو کا یہ دورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا مشرقِ وسطیٰ میں اپنی عسکری موجودگی میں اضافہ کر رہا ہے اور ایران کے ساتھ سفارتی رابطے بھی جاری ہیں، جس سے خطے کی سیاسی بساط میں نئی صف بندی کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.