نیویارک کے علاقے برونکس میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 16 سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ دو دیگر کم عمر بچے زخمی ہوگئے۔
امریکی نشریاتی ادارہ اے بی سی کے مطابق واقعہ بدھ کی شام تقریباً پانچ بجے کنگز برج کے علاقے میں براڈوے اور ویسٹ 238 اسٹریٹ کے قریب پیش آیا، جسے ابتدائی طور پر گینگ سے منسلک قرار دیا جا رہا ہے۔پولیس اہلکاروں کو جائے وقوعہ پر تین زخمی نوعمر ملے، جن میں 16 سالہ کرسٹوفر ریڈنگ کو کمر میں گولی لگی تھی، جبکہ 15 سالہ لڑکے اور 13 سالہ لڑکی کے پیر میں گولیاں لگی تھیں۔ تینوں کو فوری طور پر سینٹ برناباس اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں کرسٹوفر ریڈنگ دم توڑ گیا جبکہ دیگر دونوں زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق جھگڑے کی ابتدا ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے اندر ہوئی جو بعد میں سڑک تک پھیل گئی۔ ایک گواہ نے بتایا کہ نوجوانوں کے ایک گروپ کو کارنر پر واقع دکان کے سامنے لڑتے دیکھا گیا، جس کے بعد وہ دوڑتے ہوئے گلی کی جانب گئے جہاں فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ زخمی نوجوان واپس دوڑتے ہوئے دکان کے سامنے گر پڑے۔واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی، پولیس کے مطابق اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور تحقیقات جاری ہیں۔