نیویارک میں ایک بڑی مسجد کی تعمیر شروع، ثقلین مشتاق اور محمد رضوان بھی کارِ خیر میں شریک
نیویارک میں غیر منافع بخش تنظیم دعوہ نے توحید دعوہ سینٹر کی تعمیر کے لیے میٹ اینڈ گریٹ کا اہتمام کیا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز محمد رضوان اور سابق اسپنر ثقلین مشتاق نے بھی کمیونٹی سے عطیات دینے کی اپیل کردی ۔
دینی خدمات کے لیے سرگرم غیر منافع بخش دعوہ کے زیر اہتمام نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی سے معروف نعت خواں اور کاروباری و سماجی شخصیت رانا اخلاق کی رہائش گاہ پرتوحید دعوہ سینٹر کی تعمیر کے لیے منعقدہ میٹ اینڈ گریٹ کا آغاز تلاوتِ کلام ِ پاک سے ہوا۔تقریب کے میزبان میں حمزہ رانا، علی رضا اور ثاقب سعید شامل تھے۔اس موقع پر رانا اخلاق نے بارگاہِ رسالت میں نذرانہ ِ عقیدت پیش کیا۔
میٹ اینڈ گریٹ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمایاں شخصیات شریک تھیں۔ اس موقع پر شرکا سے خطاب میں قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری آف اسپنر ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ یہ مساجدیں جنت کے ٹکڑے ہیں۔دین کا کام دراصل پروردگار کے ساتھ وہ تجارت ہے جس میں کبھی خسارہ نہیں ہوتا۔
حاضرین کو توحید دعوہ سینٹر کے لیے خریدی گئی زمین اور اس کی تعمیر میں شامل منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر گرین شرٹس کے وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان کا کہنا تھا کہ دنیا میں موجود ہر شہ کا کوئی نہ کوئی مقصد ہے، انسان کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی اور اس کائنات کی وجہِ تخلیق کو تلاش کرے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان رانا اخلاق نے دونوں مہمانوں اور حاضرین سے اظہارِ تشکر کیا، ان کا کہنا تھا کہ پرور دگار اپنے پسندیدہ لوگوں کو اپنے کاموں کے لیے چنتا ہے، ہم خوش قسمت ہیں کہ خالقِ کائنات نے اس مسجد کی تعمیر کے لیے ہمارا انتخاب کیا۔
آخر میں شرکا قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملے، مصافحہ کیا اور تصویریں بھی بنوائیں۔ تقریب کے اختتام سے قبل امتِ مسلمہ اور توحید دعوہ سینٹر کی تعمیر میں حصہ لینے والوں کے لیے دعا کروائی گئی۔