پاکستان کا 78 واں یومِ آزادی اور معرکہِ حق کی کامیابی کا جشن
جدہ: ( نمائندہ ووسا ٹی وی ) پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی نئی عمارت میں پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ قونصل جنرل خالد مجید نے تقریب کی قیادت کی،پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد سمیت صحافیوں اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
قومی ترانے کی دھن میں پرچم کشائی کی گئی۔پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستانی سکول کے طلباء نے حب الوطنی پر مبنی تقاریر کیں۔قونصل جنرل خالد مجید نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں نہ صرف آزادی کی قدر کرنے کا پیغام دیتا ہے بلکہ اس آزادی کے تحفظ اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کی ترغیب بھی دیتا ہے انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ہم یوم آزادی کے ساتھ ساتھ معرکہ حق کی کامیابی کا بھی جشن منا رہے ۔معرکہ حق میں پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دے کر جشن آزادی کا مزہ ہی دوبالا کردیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم نے دیکھا کہ پاکستان کی بہادر افواج پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو اس کے گھر میں گھس کر مارا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے بانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور مختلف شعبوں میں ملک کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے جدہ قونصل خانے کی پوری ٹیم کو دن رات محنت کرکے کم عرصے میں پاکستان قونصلیٹ جدہ کی نئی عمارت کو مکمل ہونے کے آخری مراحل میں پہنچانے پر خراج تحسین پیش کیا ۔تقریب کا اختتام کیک کاٹنے اور بچوں میں تحائف کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔ پاکستان، سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے کشمیر اور فلسطینی مسلمان بھائیوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔