میجر سید اسماعیل شاہ کا جسدِ خاکی پاکستان روانہ
امریکا میں خصوصی کورس پر آئے ہوئے پاک فوج کے میجر سید اسماعیل شاہ اچانک طبیعت ناسازی کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ شہید کا جسدِ خاکی نیویارک سے پاکستان روانہ کردیا گیا ہے۔
چترال سے تعلق رکھنے والے پاکستان آرمی کے میجر سید اسماعیل شاہ خصوصی کورس پر امریکا آئے ہوئے تھے۔گزشتہ دنوں ان کی اچانک طبیعت خراب ہوئی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالقِ حقیقی سے جاملے۔ میجر اسماعیل شاہ کے غسل کفن کے انتظامت کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع الریان مسلم فیونرل سروسز میں انجام دیے گئے۔ بعد ازاں مکی مسجد میں شہید کے ماموں کی اقتدا میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔۔۔
نمازِ جنازہ میں امریکا میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، نیویارک میں تعینات قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی سمیت دیگر سفارتی افسران اور عملے سمیت پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پرمیجر سید اسماعیل شاہ کی بلندی درجات کے لئے دعا کی گئی۔
قبل ازیں مکی مسجد کے پیش امام قاری اُسامہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا فانی ہے، کوئی نہیں جانتا اس کی موت کب اور کہاں لکھی ہے،اس لیے آخرت کی تیاری پر توجہ دیں۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے شہید میجر سید اسماعیل شاہ کا جسدِ خاکی نیویارک کے جان ایف کینڈی ایئر پورٹ سے پاکستان روانہ کردیا گیا ہے۔ میجر اسماعیل شاہ کی تدفین ان کے آبائی علاقے پرواک کے مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔