
شیبو مدھو نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پہلے بھارتی نژاد انسپکٹر بن گئے
نیویارک(نمائندہ خصوصی)نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بھارتی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے شیبو مدھو کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی، شیبو مدھو اس اہم مقام تک پہنچنے والے پہلے بھارتی نژاد افسر بن گئے ہیں۔نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ میں انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے شیبو مدھو اس سے قبل ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے، ان کی ترقی کی باضابطہ تقریب 23 دسمبر کو نیویارک پولیس ہیڈکوارٹر ون پولیس پلازہ میں منعقد ہوگی، جہاں انہیں انسپکٹر کے عہدے کا بیج دیا جائے گا۔

شیبو مدھو کی اس کامیابی پر بھارتی کمیونٹی نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔ ان کی ترقی کو نہ صرف بھارتی کمیونٹی بلکہ تمام تارکین وطن کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں شیبو مدھو کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اور ان کی اس ترقی کو کمیونٹی میں ان کی محنت اور لگن کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔ شیبو مدھو کی اس کامیابی نے نیویارک میں بھارتی کمیونٹی کے لیے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے، اور ان کے کیریئر کی یہ اہم پیش رفت آنے والے افسران کے لیے بھی ایک مثال بن گئی ہے۔