vosa.tv
Voice of South Asia!

کیازمین کی مقناطیسی فیلڈ ہماری عمرکم کرتی ہے؟سائنسدانوں کا حیران کن تجربہ

0

کیا زمین کی وہ مقناطیسی فیلڈ، جس کے اندر ہم پوری زندگی گزارتے ہیں، ہماری عمر بڑھنے کی رفتار پر بھی اثر ڈال سکتی ہے؟یونیورسٹی آف ناٹنگھم کے سائنسدانوں کی ایک نئی تحقیق نے اس سوال کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔

سائنسدانوں نے پھل کی مکھیوں پر تجربہ کیا اور کچھ مکھیوں کو ایک خاص مقناطیسی شیلڈ کے اندر رکھا، جو زمین کی تقریباً تمام مقناطیسی فیلڈ کو روک دیتی تھی۔اس کے بعد ان مکھیوں کا موازنہ ان مکھیوں سے کیا گیا جو عام زمینی مقناطیسی فیلڈ میں رہیں۔تحقیق کا سب سے حیران کن نتیجہ ان مکھیوں میں سامنے آیا جن کے پنک ون جین میں خرابی تھی۔

 اس جینیاتی خرابی کے باعث ان کے خلیوں میں موجود مائٹوکانڈریا، یعنی توانائی پیدا کرنے والے ننھے ڈھانچے، معمول کے مطابق کام نہیں کرتے تھے۔جب ان مکھیوں کو زمین کی مقناطیسی فیلڈ سے تقریباً محفوظ ماحول میں رکھا گیا تو وہ دوسری مکھیوں کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد زیادہ عرصے تک زندہ رہیں۔لیکن کہانی یہاں ختم نہیں ہوتی۔صحت مند مکھیوں میں مقناطیسی فیلڈ سے تحفظ کے بعد چڑھنے کی صلاحیت بہتر ہوئی، مگر ان کی عمر میں اضافہ نہیں ہوا۔

سائنسدانوں کے مطابق یہ نتائج اس امکان کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ زمین کی مقناطیسی فیلڈ اور جسم کے خلیوں، خصوصاً مائٹوکانڈریا، کے درمیان کوئی تعلق موجود ہو سکتا ہے۔تاہم ایک اہم بات کہ یہ تحقیق پھل کی مکھیوں پر کی گئی ہے، انسانوں پر نہیں۔ اس لیے اس مرحلے پر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ زمین کی مقناطیسی فیلڈ براہِ راست انسانی عمر کم یا زیادہ کرتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.