vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا میں میڈی کیڈ فراڈ، 2 افراد کا جرم کا اعتراف

0

 امریکی ریاست مینیسوٹا میں دو افراد نے معذور اور دیگر ضرورت مند شہریوں کیلئے ہاؤسنگ سروسز پروگرام میں 5 لاکھ ڈالر سے زائد کے فراڈ کا جرم قبول کرلیا۔

 امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 29 سالہ حسن احمد حسین اور 28 سالہ احمد عبدالرشید محمد نے ریاست کے اب ختم کیے جاچکے ہاؤسنگ اسٹیبلائزیشن سروسز پروگرام کے تحت فراڈ کیا، اور پرسٹین ہیلتھ ایل ایل سی کو میڈی کیڈ فراہم کنندہ کے طور پر رجسٹر کرایا تھا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق کمپنی کا مقصد بزرگوں، ذہنی امراض اور منشیات کے استعمال کے مسائل سے دوچار معذور شہریوں کو رہائش تلاش کرنے اور برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرنا تھا، تاہم ملزمان نے ایسی خدمات کیلئے میڈی کیڈ سے رقم وصول کی جو فراہم ہی نہیں کی گئیں۔ حکام کے مطابق پرسٹین ہیلتھ نے تقریباً 90 میڈی کیڈ مستحقین کو ہاؤسنگ سروسز کیلئے رجسٹر کیا، جن میں بعض نے ان خدمات کے حصول پر رضامندی بھی نہیں دی تھی، اور کمپنی نے مجموعی طور پر 8 لاکھ 20ہزار ڈالر سے زائد کے دعوے میڈی کیڈ کو جمع کروائے، جن میں بعض رقمیں زیادہ معاوضہ حاصل کرنے کیلئے بڑھا چڑھا کر پیش کی گئیں۔ حسن احمد حسین نے 24 ستمبر جبکہ احمد عبدالرشید محمد نے یکم اکتوبر کو وائر فراڈ کے ایک ایک الزام میں جرم قبول کیا، جس پر دونوں کو زیادہ سے زیادہ 20 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.