vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا:غیرملکی ہنرمندوں کےلیےبڑی خبر،عدالت نےایک لاکھ ڈالر کی ویزافیس روک دی

0

نیویارک (نیوزڈیسک)امریکا جانے کے خواہش مند وہنرمند غیر ملکیوں کے لیے بڑی خبر، ایچ ون بی ویزا پر عائد ایک لاکھ ڈالر کی بھاری فیس کو ایک اور امریکی وفاقی عدالت نے روک دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مہنگی ویزا فیس کے خلاف قانونی جنگ جاری ہے اور اس معاملے کا براہِ راست اثر امریکا میں ملازمت کے خواہش مند غیر ملکی پروفیشنلز، خصوصاً ٹیکنالوجی شعبے سے وابستہ افراد پر پڑ سکتا ہے۔

رائٹرز کے مطابق کیلیفورنیا  اوکلینڈ میں امریکی ڈسٹرکٹ جج ہی ووڈ گلیئم نے فیصلہ دیا کہ امریکی شہریت و امیگریشن سروسز اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے فیس نافذ کرنے سے پہلے ضروری قانونی طریقہ کار مکمل نہیں کیا۔ یہ فیس صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئے ایچ ون بی ویزا درخواست گزاروں کے لیے مقرر کی گئی تھی، جس سے ویزا کی لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔

 اس سے قبل بوسٹن کی ایک وفاقی عدالت بھی جون میں اسی فیس کو روک چکی تھی، جبکہ جولائی میں اپیل کورٹ نے اس فیصلے کو معطل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ دوسری جانب امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی تقریباًایک لاکھ تین ہزار ڈالر کی مستقل فیس متعارف کرانے کی تجویز دے چکا ہے، جسے قانونی چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ایچ ون بی پروگرام کے تحت امریکی کمپنیاں ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور دیگر خصوصی شعبوں میں غیر ملکی ہنرمند کارکنوں کو ملازمت دے سکتی ہیں۔ نئے عدالتی فیصلے کے بعد ایک لاکھ ڈالر کی فیس کے مستقبل پر قانونی جنگ مزید اہم ہوگئی ہے، جبکہ ایچ ون بی ویزا کے منتظر غیر ملکی اور انہیں ملازمت دینے والی امریکی کمپنیاں آئندہ عدالتی پیش رفت پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.