vosa.tv
Voice of South Asia!

شہباز شریف کی گوتریس اور پرنس رحیم آغا خان سے اہم ملاقاتیں

0

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور پرنس رحیم آغا خان پنجم سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں عالمی و علاقائی صورتحال، پاکستان کی سفارتی کوششوں اور ترقیاتی تعاون پر گفتگو ہوئی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات میں وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی وابستگی بھی واضح کی۔ملاقات میں مشرق وسطیٰ سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان اور افغانستان کی صورتحال سمیت افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور مؤثر عالمی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے کردار، عالمی امن و سلامتی کے لیے اس کی خدمات اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات میں پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اسماعیلی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے مالیاتی شمولیت، سیاحت، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مقامی آبادی کی معاشی خودمختاری کے فروغ میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیا۔پرنس رحیم آغا خان نے علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے اور اسے وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے باقاعدہ دوروں کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں جانب سے کئی دہائیوں پر محیط دوستی اور تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.