اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے وینچر فنڈ کے تحت 2026 کی بامعاوضہ انٹرن شپ کیلئے درخواستیں طلب کرلی ہیں، جس میں منتخب امیدواروں کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا اور گھر سے کام کرنے کا اختیار بھی موجود ہوگا۔
یہ چھ ماہ کی جز وقتی انٹرن شپ سویڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں ہوگی۔ امیدوار دفتر میں کام کرنے کے ساتھ گھر سے یعنیٰ آن لائن بھی انٹرن شپ مکمل کرسکتے ہیں۔انٹرن کو نئی ٹیکنالوجی، جدت، تحقیق، کاروباری منصوبوں اور عالمی ترقی سے متعلق عملی تجربہ حاصل ہوگا۔ ذمہ داریوں میں نئی کمپنیوں کی تلاش، مارکیٹ ریسرچ، درخواستوں کا جائزہ، معلوماتی دستاویزات کی تیاری، اعداد و شمار کا انتظام اور یونیسیف کے مختلف ملکی دفاتر سے رابطہ شامل ہوگا۔درخواست دینے والے امیدواروں کو تحریر، تحقیق، تجزیے اور ابلاغ کی اچھی صلاحیتوں کے ساتھ مائیکروسافٹ ورڈ، ایکسل، پاورپوائنٹ اور دیگر دفتری ذرائع استعمال کرنے کا تجربہ ہونا چاہیے۔ انگریزی زبان پر مکمل عبور بھی ضروری ہے۔انٹرن شپ کیلئے ایسے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں جو اس وقت گریجویشن یا ماسٹرز کی تعلیم حاصل کر رہے ہوں یا گزشتہ دو برس کے دوران ڈگری مکمل کرچکے ہوں۔ امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہے۔یونیسیف کے مطابق انٹرنز کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا، تاہم سرکاری اعلان میں رقم واضح نہیں کی گئی۔ سفری اور رہائش کے اخراجات امیدواروں کو خود برداشت کرنا ہوں گے۔