نیویارک (نیوزڈیسک)اپ اسٹیٹ نیویارک میں اب گاڑیوں کے بجائے سائیکلوں کے لیے بھی سڑکوں پر جگہ بننے جا رہی ہے۔ بفیلو، روچیسٹر، سیراکیوز اور البانی میں سائیکل سواروں کے تحفظ کے لیے نئے منصوبے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
نیویارک فوکس نوزکے مطابق بفیلو، روچیسٹر، سیراکیوز اور البانی میں گزشتہ چند برسوں کے دوران پروٹیکٹڈبائیک لینز ، اور ٹریفک کلیمنگ پروجیکٹس میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کا مقصد ٹریفک حادثات میں ہونے والی اموات کو ختم کرنا ہے۔بفیلو میں میئر شان ریان کی انتظامیہ نے سائیکل لینز اور عوامی مقامات کو محفوظ بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔
بفیلو کی مین اسٹریٹ کی 70 ملین ڈالر کی ازسرنو تعمیر میں پہلی مرتبہ فٹ پاتھ کی سطح پر محفوظ سائیکل لینز بھی شامل کی جا رہی ہیں۔روچیسٹر نے 2024 میں ویژن زیرو پروگرام اپنایا اور رہائشی سڑکوں کی رفتار کی حد 30 سے کم کرکے 25 میل فی گھنٹہ کرنے سمیت محفوظ سائیکل لینز اور دیگر اقدامات شروع کیے ہیں۔سیراکیوز میں رواں سال 100 سے زائد بلاکس کو سائیکل سواروں کے لیے محفوظ بنانے پر کام جاری ہے، جبکہ آئی 81 کے پرانے ڈاؤن ٹاؤن روٹ پر بھی نئی سائیکل لینز تعمیر کی جا رہی ہیں۔
ادھر البانی میں رہائشی علاقوں میں رفتار کی حد 25 میل فی گھنٹہ کرنے، ٹریفک کی رفتار کم کرنے اور سائیکل سواروں کے تحفظ کے اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے۔350 میل سے زائد طویل ایری کینال اور تقریباً 750 میل پر مشتمل ایمپائر اسٹیٹ ٹریل بھی بفیلو، روچیسٹر، سیراکیوز اور البانی کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق ایمپائر اسٹیٹ ٹریل پر سالانہ تقریباً ایک کروڑ مرتبہ لوگ آتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ نیویارک میں اب سوال یہ نہیں کہ سائیکل کہاں چلائی جائے، بلکہ یہ ہے کہ سڑکوں کو سائیکل سواروں کے لیے محفوظ کیسے بنایا جائے۔