نیویارک میں اکتالیس واں سالانہ جشنِ عید میلاد النبی کا جلوس
سرکارِ دو عالمﷺ کی ولادتِ باسعادت کی خوشی میں انجمنِ غوثیہ کے زیر اہتمام نیویارک میں اکتالیس واں سالانہ جشنِ عید میلاد النبی کا جلوس کونی آئی لینڈ ایونیو سے بر آمد ہوکر مکی مسجد پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔بروکلین کی فضائیں درود و سلام سے مہک اُٹھیں۔پیر سید صفدر شاہ نے آئندہ برس جشنِ عید میلاد النبی 8 اگست کو منانے کا اعلان کردیا۔
ختمی مرتبت، محبوبِ کبریا، احمدِ مجتبیٰ ، محمدِ مصطفیٰ، سرکارِ دو جہاں ،رحمت اللعاالمین ﷺکی ولادتِ باسعادت کے پر نور موقع پر نیویارک میں انجمنِ غوثیہ انٹر نیشنل کے زیر اہتمام کونی آئی لینڈ ایونیو پر منعقدہ 41 ویں سالانہ جشنِ عید میلاد النبی کاآغازتلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا۔اس موقع پر انجمن ِ غوثیہ کے بانی پیر سید صفدر حسین شاہ نےچار وں قُل اور آیت ِ درود سے ابتدا کی جس کے بعد درودِ تاج پڑھا گیا جلو س میں شرکت کے لیے آئے عاشقانِ مصطفیٰ کے لیے ناشتے میں نذر و نیاز کا اہتمام کیا گیا ،جشنِ عید میلاد النبی کا کیک کاٹا گیا، اس موقع پر معروف نعت خواں اصغر چشتی اور دیگر نے بارگاہِ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا۔عید میلاد النبی کے جلوس روانگی سے قبل حسبِ روایت پیر فضیل ایاز قاسمی نے دعا کروائی۔بعد ازااں میلاد النبی کا جلوس علماءِ کرام اور مشائخ کی قیادت میں ایونیو ایچ سے شروع ہوا جس میں بروکلین کے قرب و جوار اور دیگر علاقوں سے محباِنِ مصطفیٰ، حمد و ثناء اور نعت خوانان ِنے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر انجمنِ غوثیہ کے جنرل سیکریٹری مشتاق نقشبندی نے بھی بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔شرکا ِ جلوس کی رہنمائی کے لیے سید صفدر شاہ کے فرزند شیراز شاہ سمیت سیاسی ، سماجی و کاروباری شخصیات شیخ اشفاق، روف بھلی اور دیگر ہمراہ رہے، اس کے علاوہ نیویارک پولیس میں پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا نے بھی شرکت کی ۔جلوس کے شرکاء نے میلاالنبی کی مناسبت سے سبز پرچم اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر فضائیں درود و سلام سے گونجتی رہیں ۔جلوس کے راستوں پر مختلف اسٹالز سجائے گئے تھے جہاں سے شرکا میں لنگر تقسیم کیا جاتا رہا ۔شرکاءتمام راستےدرووو سلام بھیجتےاور نعتیں پڑھتے رہے ۔جلوس کے عقبی حصے میں خواتین کی بھی کثیر تعداد شریک تھی۔اس موقع پر پیر سید فضیل ایاز قاسمی نے سیرت النبی پر روشنی ڈالی۔ان کا کہنا تھا کہ میلاد النبی منانا ہمارے لیےاس لیے بھی باعثِ سعادت ہے کہ یہ خاتم النبین سے اپنی عقیدت و محبت کاکا سب سے بہترین ذریعہ ہے۔جلوس کے راستے پر مختلف کیمپس بھی لگے ہوئے تھے۔سکھ کمیونٹی کے گروسری اسٹور ولیجر فارمرز مارکیٹ کے اسٹال سے ان کے عملے نے دودھ سے بنا شربت تقسیم کیا۔اس دوران وقفے وقفے سے علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ محبت ِ رسولﷺ جہنم سے نجات کی ضامن ہے ۔جلوس کی بدولت کونی آئی لینڈ کی فضائیں درود و سلام سے مہکتی رہیں ۔ا س موقع پر نعت خوانوں نے کئی کلام بھی حاضرین کی سماعتوں کی نذ ر کیے۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علما کرام اور دیگر مقررین نے کہا کہ کائنات کی ہر شہ رسول اللہ پر درود و سلام بھیجتی ہے۔اس موقع پر صفدر شاہ کئی صحتیابی اور درازیِ عمر کے لیے دعا بھی کرائی گئی ۔قبل ازیں جلوس انتظامیہ نے نیویارک پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جوزف وارنرز بچ کو ان کی خدمات پر گلدستہ اور ایوارڈ پیش کیا جبکہ مکی مسجد کے چیئر مین ظفر اقبال اور سماجی شخصیت اشفاق شیخ کو سائٹیشن دی گئی۔جلوس کے با نی پیر سید صفدر حسین شاہ نے اعلان کیا کہ آئندہ سال جشن ِ عید میلاد النبی 6 ربیع الاول اور 8 اگست کو منایا جائے گا۔جشنِ عید میلا دالنبی کا جلوس اپنے روایتی روٹ سے گزرتا ہوا ڈٹمس ایونیو سے مڑکر واپس ایونیو ایچ کی جانب گامزن ہوا اور مکی مسجد پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا ۔