یومِ آزادیِ پاکستان کی مناسبت سے "پاکستان ڈے پریڈ اینڈ فیسٹیول” منعقد
نیویارک میں پاکستان کے جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی پر ہر سال کی طرح اس سال بھی نیویارک کے دل مین ہیٹن میں یومِ آزادیِ پاکستان کی مناسبت سے 42 ویں سالانہ "پاکستان ڈے پریڈ اینڈ فیسٹیول” کا شاندار اور تاریخی انعقاد کیا گیا،
پریڈ کے آغاز پر نیویار ک سٹی پولیس کے خصوصی بینڈ اور جوانوں نے مارچ کیا اور سلامی دی۔تقریب کا آغاز شرکا اور مہمانوں کے لیے روایتی حلوہ پوری کے گرما گرم ناشتے سے کیا گیا۔پریڈ میں صرف نیویارک ہی نہیں بلکہ ہمسائیہ ریاستوں اور شہروں سے کمیونٹی کے افراد چیئرمین ڈاکٹر مظہر الحق، جنرل سیکریٹری خاور بیگ، صدر منیر لودھی، احمد جان اور دیگر کی قیادت میں سبز ہلالی پرچم لہراتے اور پاکستان زندہ باد کےنعرےلگاتے ریلی کی شکل میں26 اسٹریٹ پرپہنچے۔فیسٹیول میں روایتی پاکستانی کھانوں اور ملبوسات کے دلکش اسٹالز لگائے گئے تھے جو دن بھر حاضرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ پریڈ کے راستے میں سبز ہلالی پرچموں سے سجی گاڑیاں، ٹرک اور رنگارنگ فلوٹس پاکستانی ثقافت اور قومی یکجہتی کا منظر پیش کر رہے تھے جبکہ فضا "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی ،اس موقع پر عربی ڈانس کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔پریڈ کمیٹی کے صدر منیر لودھی نے شرکا کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ پریڈ کے گرینڈ مارشل ڈاکٹر پرویز اقبال اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے رکن اسد چوہدری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کامیاب انعقاد پر کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔پاکستان ڈے پریڈ میں کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی جنھوں نے قومی پرچم کےرنگوں سے مشابہہ لباس زیب تین کیے ہوئے تھے،نوجوان، مردو خواتین اور بزرگ افراد سب ہی وطن کی محبت میں کھنچے چلے آئے جبکہ جاپان سے خصوصی طور پر آئے مہمان ملک سجاد نے اپنی واپسی موخر کردی۔ میڈیسن ایونیو کی 38 سٹریٹ شروع ہونےو الی پریڈ 28سٹریٹ پہنچی تو میڈیسن اسکوائر گارڈن پر مرکزی اسٹیج سجایا گیا جہاں ڈاکٹر ثمینہ احمد نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ تلاوتِ کلامِ پاک کے بعد برطانیہ سے تشریف لائے نعت خواں پرنس نصیب نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔تقریب کے شاندار اور منظم انعقاد میں پاکستان ڈے پریڈ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر حق اور کنوینر احمد جان کی قیادت میں انتظامیہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔اس موقع پر امریکہ اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔پریڈ میں لہراتے سبز ہلالی پرچموں سے شرکا کا جذبہ تازہ ہوگیا۔فنانس سیکریٹری اسد چوہدری، چیئرمین اسٹالز کمیٹی عامر رسول سمیت دیگر اہم عہدیداران راجہ رزاق، آصف بیگ اور طاہر سندھو نے شاندار انتظامات کو یقینی بنایا۔پروگرام کے ثقافتی حصے میں بچوں کے گروپ نے ملی نغموں پر خوبصورت پرفارمنس پیش کی۔
1980کی دہائی کے مشہور بینڈ اونجرز کے معروف گلوکار نادر خان اور نامور گلوکارہ رضوانیہ خان نے ملی نغمے اور مقبول گیت پیش کر کے شرکا کا جوش بڑھایا۔ پاکستان ڈے پریڈ کے گرینڈ مارشل ڈاکٹر پرویز اقبال، کمیٹی کے جنرل سیکریٹری خاور بیگ اور احمد جان نے اسٹیج سے حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ خلوصِ نیت سے کوشش کی ہے کہ اپنی کمیونٹی کے لیے بہتر سے بہتر اقدمات کریں۔شرکانے ملی نغموں کی دھنوں پر سبز ہلالی پرچم لہراے اور جشن کا لطف دوبالا کیا۔ تقریب کا سب سے یادگار لمحہ معروف بین الاقوامی پاپ اسٹار بلال سعید کی انٹری تھی، جنہوں نے اپنے ہٹ نغموں سے تقریب میں دھوم مچا دی اور ہزاروں شرکا کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔تقریب کے اختتام پر نیویارک سٹی گورنمنٹ کے ڈپٹی پبلک ایڈووکیٹ کاشف حسین نے پبلک ایڈووکیٹ آفس کی طرف سے گلوکار بلال سعید کو شاندار خدمات پر اعزاز سے نوازا، جبکہ 42 ویں پاکستان ڈے پریڈ کی پوری آرگنائزنگ ٹیم کو شاندار اور کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر سرکاری اعزازی سند پیش کی گئی۔ مین ہیٹن کی سڑکوں پر ہزاروں کی تعداد میں اوورسیز پاکستانیوں کی پرجوش اور ریکارڈ شرکت نے اس 42 ویں سالانہ پریڈ کو تاریخی اور یادگار بنا دیا۔