اکنا ریلیف کا پینسلوانیا میں مسلم خواتین کے لیے نئے شیلٹر ہوم کا افتتاح
امریکا میں بے گھر خواتین اور خاندانوں کے لیے محفوظ رہائش کی ضرورت کے پیش نظر امریکی مسلم فلاحی تنظیم اکنا ریلیف نے پینسلوانیا میں مسلم خواتین کے لیے نئے شیلٹر ہوم کا افتتاح کردیا ہے۔
ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیامیں یہ اکنا ریلیف کا پہلا جبکہ امریکہ بھر میں تنظیم کا 28واں شیلٹر ہوم ہے۔ معروف کاروباری شخصیت عقیل احمد اور ان کے خاندان کے تعاون سے قائم کردہ اس شیلٹر ہوم کا افتتاح عقیل احمد کی والدہ زاہدہ سلطانہ نے کیا۔افتتاحی تقریب میں اکنا ریلیف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالروف خان، نارتھ ایسٹ کے ڈائریکٹر ارشد جمال، چیف انفارمیشن آفیسر عامر سعید، فلاڈیلفیا کی ایریا مینیجر ڈائنا محمد اور ٹیمپریری ہاؤسنگ فیسلٹی کی نیشنل ڈائریکٹر ملکہ میکڈونلڈ بھی شریک ہوئیں۔اکنا ریلیف کی ٹیم نے شیلٹر ہوم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور یہاں موجود سہولیات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ حکام کے مطابق مرکز میں خواتین کو محفوظ رہائش کے ساتھ ایسا ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے جہاں وہ خود کو گھر جیسا محسوس کرسکیں۔شیلٹر ہوم میں آرام دہ رہائشی کمرے، معیاری باتھ رومز، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولتیں موجود ہیں۔تقریب میں مختلف مساجد کے آئمہ کرام، کمیونٹی رہنماؤں، سماجی شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔اکنا ریلیف کے مطابق مشکلات کا شکار خواتین کو یہاں عارضی رہائش کی فراہمی کے ساتھ تعلیم، تربیت، رہنمائی اور عملی مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے حالات پر قابو پا کر مستقبل میں اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکیں۔کمیونٹی رہنماؤں اور ائمہ کرام نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ ایسے فلاحی منصوبوں میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ ایک محفوظ گھر کسی ضرورت مند خاندان کے لیے صرف چھت نہیں بلکہ نئی زندگی شروع کرنے کا موقع بھی بن سکتا ہے۔تنظیم کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس مرکز میں مسلم خواتین اور خاندانوں کی ضروریات کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا گیا ہے، تاہم اکنا ریلیف ضرورت مند افراد کی مدد مذہب سے بالاتر ہوکر کرتا ہے اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مستحق افراد کو بھی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔