امریکا میں غیر قانونی بھارتی تارکینِ وطن کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 ہزار 840 افراد ملک بدر
امریکا سے 2025 سے اب تک 4 ہزار 840 بھارتی شہریوں کو ملک بدر کیا جاچکا ہے۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ تعداد امریکا میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران سامنے آئی ہے۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کے مطابق 2025 میں3ہزار 567 بھارتی شہریوں کو امریکا سے واپس بھیجا گیا، جو 16 سال کے دوران ایک سال میں ملک بدری کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔رواں سال جنوری سے جولائی تک مزیدایک ہزار 273 بھارتی شہری امریکا سے ملک بدر کیے جاچکے ہیں، جس کے بعد 2025 سے اب تک مجموعی تعداد 4 ہزار 840 ہوگئی ہے۔بھارتی حکام کے مطابق امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد پنجاب، ہریانہ اور گجرات سے تعلق رکھتی ہے، جبکہ بعض افراد غیر قانونی طور پر امریکا پہنچنے کے لیے خطرناک انسانی اسمگلنگ کے راستوں کا استعمال کرتے ہیں۔امریکی حکام کی کارروائی اب صرف غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ ویزا اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد بھی کارروائی کی زد میں آسکتے ہیں۔بھارتی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ملک بدری سے قبل امریکی حکام سے شناخت کیے گئے افراد کی بھارتی شہریت کی تصدیق کی جاتی ہے، جبکہ حکومت غیر قانونی امیگریشن کے نیٹ ورک چلانے والے جعلی ٹریول ایجنٹس اور بھرتی کرنے والے اداروں کے خلاف بھی کارروائی کررہی ہے۔امریکا میں غیر قانونی امیگریشن کے خلاف سخت کارروائی کے باعث بھارتی شہریوں کی ملک بدری میں اضافے نے امریکا میں مقیم بھارتی کمیونٹی میں بھی تشویش پیدا کردی ہے۔