تھائی لینڈ نے غیر ملکی سیاحوں سے 13.59 امریکی ڈالر فی فرد سیاحتی فیس وصول کرنے کی تجویز پر پیش رفت شروع کردی ہے، تاہم فیس تاحال نافذ نہیں ہوئی اور اس کے لیے عوامی مشاورت سمیت مختلف منظوریوں کا مرحلہ باقی ہے۔
تھائی حکام کے مطابق مجوزہ فیس فضائی، زمینی اور سمندری راستے سے ملک میں داخل ہونے والے غیر ملکی مسافروں پر یکساں لاگو ہوگی۔ فضائی مسافروں سے فیس وصولی کا عمل متعلقہ قانون کے سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے 180 روز بعد شروع کرنے کی تجویز ہے، جبکہ زمینی اور سمندری راستوں سے آنے والے مسافروں کو بعد کے مرحلے میں اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق فضائی راستے سے آنے والے سیاحوں کے لیے فیس کا آغاز 2027 کے اوائل میں متوقع ہے، تاہم حتمی تاریخ ابھی مقرر نہیں کی گئی۔رپورٹ کے مطابق فیس کی وصولی کے لیے ایئرلائن ٹکٹ، سرکاری ویب سائٹ، موبائل ایپ اور ایئرپورٹس پر سیلف سروس کیوسک سمیت مختلف طریقوں پر غور کیا جارہا ہے۔تھائی حکام کے مطابق مجوزہ فیس سے حاصل ہونے والی آمدنی سیاحتی انفرااسٹرکچر، سیاحوں کے تحفظ اور سیاحت کے شعبے میں بہتری کے لیے استعمال کی جائے گی۔