vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی حراستی مرکز میں قیدیوں پر تشدد اور غیر انسانی سلوک کے الزامات

0

امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں قائم امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے حراستی مرکز میں قیدیوں کے ساتھ تشدد، طبی سہولیات کی عدم فراہمی اور غیر انسانی سلوک کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ اور امریکن سول لبرٹیز یونین کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق ٹیکساس کے کیمپ ایسٹ مونٹانا حراستی مرکز میں قید درجنوں افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا یا انہوں نے دیگر قیدیوں پر تشدد ہوتے دیکھا۔چوراسی صفحات پر مشتمل رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ کے دوران رابطہ کیے گئے اکہتر قیدیوں میں سے چونسٹھ، یعنی تقریباً نوے فیصد افراد نے جسمانی تشدد یا بدسلوکی کی شکایات کیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قیدیوں کو ضروری طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا، گندگی سے بھرپور ماحول میں رہنے پر مجبور کیا گیا، ناقص اور ناقابلِ استعمال کھانا فراہم کیا گیا، جبکہ بعض افراد کو اپنے اہلِ خانہ اور وکلا سے رابطے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔قیدیوں نے الزام لگایا کہ بھوک ہڑتال، طبی امداد کے مطالبے یا حراستی حالات پر احتجاج کرنے والوں کو اہلکاروں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ بعض افراد نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہیں امیگریشن مقدمات واپس لینے یا کسی تیسرے ملک بے دخل ہونے پر مجبور کیا گیا اور انکار کی صورت میں تشدد، طویل حراست یا فوجداری کارروائی کی دھمکیاں دی گئیں۔دوسری جانب امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی، جس کے تحت آئی سی ای کام کرتا ہے، نے رپورٹ پر فوری طور پر کوئی ردعمل جاری نہیں کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.