امریکی شہر نیویارک کے میئر زہران ممدانی عوام میں اپنی مقبولیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں، جبکہ حالیہ سروے میں ان کی عوامی حمایت میں مزید اضافہ سامنے آیا ہے۔
برطانوی اخبار دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق اخبار نیویارک پوسٹ نے گزشتہ کئی ماہ کے دوران ممدانی کو مختلف معاملات پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم اس کے باوجود ان کی سیاسی پوزیشن مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ سروے کے مطابق 58 فیصد نیویارک کے شہری میئر ممدانی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، جبکہ 26 فیصد نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ممدانی نے سوشل میڈیا اور عوام سے براہِ راست رابطے کی مؤثر حکمت عملی اختیار کر کے روایتی ذرائع ابلاغ کی تنقید کے اثرات کو بڑی حد تک کم کر دیا ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ممدانی کی جانب سے حمایت یافتہ تین ڈیموکریٹ امیدوار حالیہ کانگریسی پرائمری انتخابات میں بھی کامیاب ہوئے، جسے ان کے بڑھتے ہوئے سیاسی اثر و رسوخ کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔