امریکی ریاستوں نیویارک اور نیو جرسی میں ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں اور اچانک سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دوپہر سے شام تک مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، تیز آندھی اور بعض مقامات پر شدید گرج چمک کے طوفان متوقع ہیں، جبکہ نشیبی علاقوں میں اچانک سیلاب آنے کا بھی خدشہ ہے۔نیو جرسی کی گورنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، زیر آب سڑکوں پر گاڑی نہ چلائیں اور موسمی انتباہات پر نظر رکھیں۔چند روز قبل بھی شدید بارشوں نے نیویارک اور نیو جرسی کے متعدد علاقوں کو متاثر کیا تھا، جہاں کئی شاہراہیں زیر آب آگئی تھیں اور نیو جرسی میں ایک تجارتی عمارت کی چھت بھی منہدم ہوگئی تھی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو موسم بہتر رہنے کا امکان ہے، تاہم آئندہ ہفتے کے وسط میں درجہ حرارت 90 ڈگری فارن ہائیٹ سے تجاوز کرنے کے ساتھ گرمی کی نئی لہر آنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔