امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے تارکین وطن خاندانوں اور بغیر سرپرست آنے والے بچوں کی بے دخلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ریاست لوزیانا کے شہر الیگزینڈریا میں 528 بستروں پر مشتمل نیا امیگریشن ہولڈنگ مرکز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
یہ مرکز بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب بنایا جا رہا ہے تاکہ بے دخلی سے قبل خاندانوں اور بچوں کو مختصر مدت کے لیے ایک ہی مقام پر رکھا جا سکے۔امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کا کہنا ہے کہ یہ ایک "اسٹیجنگ ایریا” ہوگا، حراستی مرکز نہیں، جہاں افراد کو زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے تک رکھا جائے گا، جس کے بعد انہیں ان کے آبائی ممالک بھیج دیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے مختلف ریاستوں میں موجود شیلٹرز اور فوسٹر ہومز سے بچوں کو جمع کرنے اور پروازوں کے انتظام میں پیش آنے والی مشکلات کم ہوں گی۔تاہم امیگریشن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اس منصوبے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ایسے مراکز میں بچوں کو چند دنوں کے بجائے کئی ہفتوں یا مہینوں تک رکھا گیا، جس سے ان کی نگرانی، فلاح و بہبود اور قانونی حقوق کے حوالے سے خدشات پیدا ہوئے۔حکام کے مطابق منصوبہ رواں سال اگست میں فعال ہو سکتا ہے۔ جہاں سے 2025 کے دوران 4,400 سے زائد امیگریشن پروازیں آپریٹ کی گئی تھیں۔ امیگریشن حکام نے ہدایت دی ہے کہ یہاں موجود خاندانوں کو قیدی یا زیر حراست افراد نہ کہا جائے، انہیں اپنے کپڑے پہننے کی اجازت ہوگی اور نقل و حمل کے دوران سلاخوں یا پنجروں کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔