شکاگو: امریکی یوم آزادی کی 250ویں سالگرہ، اسکوکی پریڈ میں ہزاروں شرکاء
امریکا کی 250ویں یوم آزادی کے موقع پر شکاگو کے مضافاتی علاقوں اسکوکی، ڈیس پلینز اور الینوائے کے متعدد قصبوں میں آتش بازی، پریڈ، باربی کیو اور کنسرٹس کے ساتھ قومی جذبے سے بھرپور تقریبات منائی گئیں۔
اسکوکی کی فورتھ آف جولائی پریڈ شکاگو کے مضافاتی علاقوں کی سب سے مقبول پریڈ میں سے ایک ہے جس میں ہر سال 10 سے 15 ہزار افراد شرکت کرتے ہیں۔ امسال ہزاروں افراد نے شدید گرمی اور نمی کے باوجود پریڈ میں شرکت کی۔ پریڈ کا آغاز 4 جولائی 2026 کو دوپہر 12 بجے اوکٹن کمیونٹی کالج کی پارکنگ سے ہوا اور لنکن ایونیو سے ہوتے ہوئے اوکٹن پارک پر اختتام پذیر ہوا جہاں خصوصی اسٹیج سجایا گیا تھا۔پریڈ کی قیادت میئر این ٹینس نے کی اور اس میں 90 سے زائد کمیونٹی فلوٹس اور لائیو میوزک شامل تھا۔ متعدد کانگریسی امیدواروں، ریاستی سینیٹرز، ریاستی نمائندوں اور ٹاؤن شپ سپروائزرز نے پریڈ میں شرکت کی جبکہ پاکستانی نژاد امریکی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈبلیو این جی ٹی وی کے صحافی پال لیسنک اور ڈین رچرڈز نے اس سال پریڈ کے گرینڈ مارشل کے فرائض انجام دیے۔