بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ میں باربی کیو تقریب کے دوران فائرنگ سے 4 بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق 21 سالہ خاتون کو سینے میں گولی لگی اور ان کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دیگر تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔پولیس کے مطابق زخمی بچوں کی عمریں 6 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔ 6 سالہ بچے کے پیٹ، 7 سالہ بچے کی دونوں ٹانگوں، 12 سالہ بچے کی ایک ٹانگ اور 14 سالہ لڑکے کی ران میں گولیاں لگیں۔این وائی پی ڈی کمشنر جیسیکا ٹش نے بتایا کہ رات تقریباً 10:35 بجے ایک نامعلوم شخص، جو سیاہ لباس اور اسکی ماسک پہنے ہوئے تھا، اچانک آیا اور باربی کیو تقریب کے دوران متعدد فائر کیے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ سے قبل کسی جھگڑے یا تلخ کلامی کے شواہد نہیں ملے۔ جائے وقوعہ سے ایک آتشیں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، تاہم اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس ہفتے اسی علاقے میں ہونے والے گینگ سے متعلق قتل اور اس فائرنگ کے درمیان کوئی تعلق موجود ہے یا نہیں۔