ریاض میں ٹیلنٹ حب کرکٹ اکیڈمی کے زیرِ اہتمام نئے کرکٹ سیزن کا آغاز
ریاض میں ٹیلنٹ حب کرکٹ اکیڈمی کے زیرِ اہتمام نئے کرکٹ سیزن کے آغاز پر نوجوان کھلاڑیوں میں کرکٹ کٹس اور نئی جرسیوں کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سابق پاکستانی بین الاقوامی کرکٹرز اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ تقریب میں نوجوان کرکٹرز کے جوش و جذبے نے ماحول کو گرما دیا۔ ٹیلنٹ ہب کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ اور آئی سی سی سرٹیفائیڈ کوچ محمد عمران نے مہمانوں، والدین اور کھلاڑیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اکیڈمی کی تربیتی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق پاکستانی بین الاقوامی کرکٹر اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کے جنرل منیجر اقبال سکندر تھے جبکہ سابق فاسٹ بولر سلیم جعفر نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے نوجوان کھلاڑیوں کو محنت، نظم و ضبط اور کھیل سے وابستگی برقرار رکھنے کی تلقین کی۔ تقریب کے دوران نئی ٹیم جرسیوں کی رونمائی بھی کی گئی جبکہ نوجوان کرکٹرز کو اپنے پسندیدہ سابق کھلاڑیوں سے ملاقات اور ان کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملا۔ اکیڈمی انتظامیہ نے سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تربیت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔