امریکی محکمۂ انصاف نے میساچوسٹس میں سرکاری فلاحی پروگراموں میں مبینہ فراڈ کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے 15 افراد کے خلاف مقدمات درج کر دیے ہیں، جن میں 11 غیرقانونی تارکینِ وطن اور 4 امریکی شہری شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ملزمان پر مجموعی طور پر 14 لاکھ ڈالر سے زائد کے فراڈ کا الزام ہے، جس میں فوڈ اسٹامپ پروگرام (SNAP)، میڈی کیڈ طرز کے ہیلتھ پروگرام MassHealth، سوشل سیکیورٹی اور بے روزگاری الاؤنس سے متعلق دھوکا دہی شامل ہے۔محکمۂ انصاف کے مطابق بعض ملزمان نے جعلی یا چوری شدہ شناختوں کے ذریعے سرکاری مراعات حاصل کیں، جبکہ کئی افراد پر شناختی چوری، پاسپورٹ فراڈ، سرکاری فنڈز کی چوری اور صحت سے متعلق پروگراموں میں غلط معلومات فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ چند ملزمان اپنی اصل شناخت چھپا کر برسوں سے مختلف سرکاری سہولتوں سے فائدہ اٹھاتے رہے۔اس موقع پر امریکی حکام نے کہا کہ غیرقانونی طور پر حاصل کی گئی مراعات کا بوجھ براہِ راست ٹیکس دہندگان پر پڑتا ہے اور اس سے ان شہریوں کے حقوق متاثر ہوتے ہیں جو واقعی ان پروگراموں کے مستحق ہیں۔ محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی اور دیگر وفاقی اداروں نے بھی کارروائی کو عوامی وسائل کے تحفظ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔حکام کے مطابق مختلف الزامات ثابت ہونے کی صورت میں بعض ملزمان کو کئی سال قید اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ غیرقانونی تارکینِ وطن کو سزا کے بعد ملک بدر بھی کیا جا سکتا ہے۔