vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں سرکاری سستے گروسری اسٹورز کا بڑا اعلان

0

نیویارک کے میئر زوہران کوامی ممدانی نے شہریوں کو سستی خوراک فراہم کرنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے شہر کے پہلے سرکاری گروسری اسٹور کے لیے مقام کا اعلان کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق پہلا اسٹور لا مارکیٹا میں قائم کیا جائے گا، جو ایسٹ ہارلم میں واقع ہے۔ تقریباً 9 ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل یہ اسٹور مکمل طور پر نئے سرے سے تعمیر کیا جائے گا اور 2029 تک کھولنے کا منصوبہ ہے، جبکہ پہلا سرکاری اسٹور 2027 کے آخر تک کھولنے کی تیاری جاری ہے۔انتظامیہ کے مطابق شہر میں گزشتہ دہائی کے دوران گروسری اشیاء کی قیمتوں میں تقریباً 66 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے تاکہ روزمرہ اشیاء کم قیمت پر فراہم کی جا سکیں اور شہریوں پر مالی دباؤ کم ہو۔اس منصوبے کے تحت شہر زمین اور تعمیراتی اخراجات برداشت کرے گا جبکہ ایک نجی ادارہ روزمرہ امور چلائے گا، جسے پابند کیا جائے گا کہ وہ بچت براہِ راست صارفین تک منتقل کرے۔ اس مقصد کے لیے 70 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔میئر ممدانی کا کہنا ہے کہ جب خوراک کی فراہمی کا نظام مکمل طور پر بڑی کمپنیوں کے کنٹرول میں ہو تو قیمتیں بڑھ جاتی ہیں، اس لیے حکومت کو مداخلت کرنا ضروری ہے تاکہ ہر شہری کو مناسب قیمت پر معیاری خوراک دستیاب ہو سکے۔حکام کے مطابق میئر کی مدت کے اختتام تک شہر کے ہر بورو میں ایک سرکاری گروسری اسٹور قائم کیا جائے گا، جبکہ اس اقدام کو خوراک کی قلت، مہنگائی اور عوامی صحت کے مسائل کے حل کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.