امریکا: گوگل کو محکمہ انصاف کے ہاتھوں ایک اور قانونی شکست
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی محکمہ انصاف نے گوگل کے خلاف ایک اور اہم اجارہ داری مقدمے میں فتح حاصل کر لی ہے۔ عدالت نے کہا کہ گوگل نے اپنی طاقت کا ناجائز استعمال کیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، ورجینیا کی فیڈرل ڈسٹرکٹ کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ گوگل نے ڈیجیٹل اشتہارات کے میدان میں کھلی ویب پر اپنی اجارہ داری قائم کی، جس سے مسابقتی نظام، پبلشرز اور صارفین کو نقصان پہنچا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ گوگل نے اپنی طاقت کا ناجائز استعمال کیا ہے۔ اٹارنی جنرل پامیلا بانڈی نے فیصلے کو ایک بڑی قانونی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ انصاف تکنیکی شعبے میں اجارہ داری کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا تاکہ مارکیٹ میں شفافیت اور اظہار کی آزادی برقرار رہے۔ اینٹی ٹرسٹ ڈویژن کی اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ابیگیل سلیٹر نے کہا کہ گوگل نے نہ صرف مارکیٹ پر قبضہ کیا بلکہ اپنی سرگرمیوں کو خفیہ رکھ کر مسابقت کو ختم کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔ یہ فیصلہ ستمبر 2024 میں پندرہ روزہ سماعت کے بعد سنایا گیا۔ مقدمہ جنوری 2023 میں دائر کیا گیا تھا، جس میں الزام تھا کہ گوگل نے گزشتہ پندرہ برس کے دوران غیر مسابقتی اقدامات اور خفیہ نیلامی کی تکنیکوں کے ذریعے ڈیجیٹل ایڈ ٹیکنالوجی پر غلبہ حاصل کیا۔ ان اقدامات کے نتیجے میں گوگل کے حریف یا تو بازار سے مکمل طور پر ختم ہو گئے یا مؤثر طریقے سے مقابلے سے باہر کر دیے گئے۔