پارہ چنار کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نیویارک میں احتجاجی مظاہرہ
نیویارک(بیورو رپورٹ)پاکستان کے قبائلی ضلع کرم کے شورش زدہ شہر پارہ چنار کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نیویارک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت پارہ چنار کے شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنائے۔پارہ چنار سے تعلق رکھنے والے باشندوں نے اپنی کمیونٹی سے اظہارِ یکجہتی اور مطالبات کے حق میں نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے میں نہ صرف نوجوانوں بلکہ بزرگوں کی بھی کثیر تعداد شریک تھی ۔مظاہرین نے شورش زدہ علاقے پارہ چنار کی صورتحال اور وہاں درپیش مسائل کی نشاندہی کے لیے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پارہ چنار میں زبان اور مسلک کی بنیاد پر فسادات کرانے کی کوشش کی جارہی ہے،حکومت ہمارے علاقے کے بند راستے کھلوائے۔اس موقع پر مظاہرین نے نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ سے بھی اپیل کی کہ پارہ چنار میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پارہ چنارہ کے راستوں کی بندش کو تین ماہ ہو نے کو ہیں، ایمرجنسی ریسکیو سروس، خوراک اور ادویات کی عدم فراہمی کے باعث انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ۔