پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی خرم منور کے اعزاز میں عشائیہ
نیویارک(بیورو رپورٹ)پاکستان سے امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی خرم منور کا اعزاز عشائیے کا اہتمام کیا گیا، تقریب کے میزبان پاکستانی امریکن ایسوسی ایشن آف نیویارک کے چیئرمین اورپاکستانی کمیونٹی کی مشہور شخصیت چوہدری محمد اسلم ڈھلوں اور رانا اخلاق تھے۔تقریب کا انعقاد بروکلین کونئی آئی لینڈ ایونیو کے مقامی ریسٹورنٹ میں کیا گیا ، تقریب کی نظامت پاکستانی امریکن کمیونٹی کے معروف رہنما رانا اخلاق نے کی،تقریب کاآغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا بعد ازاں بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا۔ شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے رانا اخلاق نے کہا کہ خرم منور پاکستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں اور ان کی قومی اسمبلی میں شاندار کارکردگی نے ان کو عوام کا حقیقی نمائندہ بنا دیا ہے۔مہمان خصوصی خرم منور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی عوامی خدمات کے عزم کو دوہرایا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے وہ ہمیشہ کوششیں کرتے رہیں گے۔ انہوں نے نیویارک کی پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں دیار غیر میں اپنے ہم وطنوں کی محبت اور حمایت پر فخر ہے۔عشائیے میں نیو یارک پولیس کی مسلم آفیسر سوسائٹی کے صدر انسپکٹر عدیل رانا۔ چوہدری ذوالفقار احمد ورک۔ رانا منور اقبال ۔ ضیغم عباس اور نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بھی شرکت کی اور خرم منور کو عزت و احترام سے نوازا۔تقریب میں مہمان خصوصی کو کمیونٹی کی جانب سے پھولوں کے گلدستے بھی پیش کئے گئے جبکہ پاکستانی روایتی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔