پاکستان ہائی کمیشن لندن میں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا
لندن:پاکستان ہائی کمیشن لندن میں 77واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستانی پرچم فضا میں بلند کیا۔ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ایک ایسے وطن کے حصول کےلیے جدوجہد کی اور قربانیاں دیں، جہاں برصغیر کے مسلمان عزت اور فخر کے ساتھ رہ سکیں۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کو پاکستان کے لیے ان کی بے لوث جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کیا اور مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے علامہ اقبال کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ہائی کمشنر نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے شہداء اور غازیوں کے قرض دار ہیں جو کبھی ادا نہیں ہو سکتا۔ سفیرپاکستان نے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے لیے پاکستان کی ہر فورم پر حمایت کا اعادہ کیا جو اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہائی کمشنر نے برٹش پاکستانیوں کی محنت، لگن اور جذبے کا اعتراف کیا جو پاکستان اور برطانیہ کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔تقریب کے دوران ہائی کمشنر نے صدر پاکستان کی جانب سے جناب آصف رنگون والا ،ڈاکٹر جاوید احمد شیخ ، پروفیسر محمد امجد شاد اور ایم پی خالد محمود کو سول ایوارڈز سے نوازا۔جبکہ پاکستانی بہادر نوجوان عبداللہ کو بھی خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا جس نے لندن کے لیسٹر اسکوائر پر ایک حملہ آور کا بہادری سے مقابلہ کیا اور ماں اور ایک بچی کی جانیں چاقو کے حملے سے بچائیں۔ بعد ازاں ہائی کمشنر نے اپنی اہلیہ اور مہمانوں کے ہمراہ پاکستان کا 77واں یوم آزادی منانے کے لیے کیک کاٹا۔تقریب میں برطانیہ کے ارکان پارلیمنٹ، سفارت کاروں، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کی۔