امریکی سینیٹ کی سوشل میڈیا حکام پر کڑی تنقید
امریکی سینیٹ نے سوشل میڈیا حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ہاتھ خون آلود ہیں۔ کانگریس کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے قانون سازی کرے ۔ میڈیا کے مطابق فیس بک کی کمپنی میٹا کے سربراہ مارک زکر برگ، ایکس کے سی ای او لنڈا یکیرینو، سنیپ این کے سی ای او ایون سپائجل، ٹک ٹاک کے ایگزیکٹیو آفیسر سوئی زی اور ڈسکورڈ کے ایگزیکٹیو آفیسر جسین سیٹرون سمیت دوسرے پلیٹ فارمز کے حکام امریکی کانگریس کی سماعت میں شریک ہوئے۔ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر لنڈسے گراہم نے فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اور دوسری کمپنیز ہمارے سامنے ہیں۔ آپ نہیں مانیں گے مگر آپ کے ہاتھوں پر خون کے دھبے ہیں۔آپ کے پاس ایک ایسی پروڈکٹ ہے جو لوگوں کو قتل کر رہی ہے۔فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے ایک اور سینیٹر کے کہنے پر جنسی استحصال سے متاثر بچوں کے والدین سے معافی بھی مانگی۔کانگریس کی سماعت میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جنسی لحاظ سے بچوں کو درپیش خطرات کا تدارک کرنے میں ناکام ہیں جبکہ کانگریس کو ہدایت کی گئی کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے قانون سازی کرے۔