امریکی ریاست الینوائے کی ایک ٹیکس پریپیرر کو کورونا وبا کے دوران بے روزگاری امداد کے پروگرام میں 11 ملین ڈالر سے زائد کا فراڈ کرنے کے جرم میں 36 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
محکمہ انصاف کے مطابق 54 سالہ حیام حمیدان نے مئی 2020 سے دسمبر 2022 کے دوران اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پینڈیمک ان ایمپلائمنٹ اسسٹنس پروگرام میں تقریباً 700 جعلی دعوے جمع کرائے، جس کے نتیجے میں 11 ملین ڈالر سے زائد کی رقم غلط طریقے سے جاری ہوئی۔ ان دعوؤں میں درخواست گزاروں کی ملازمت اور وبا سے آمدن متاثر ہونے سے متعلق جھوٹی معلومات دی گئی تھیں۔ ملزمہ نے ٹیکس پریپیرر کی حیثیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی دعوے اپنے کلائنٹس کے نام اور ذاتی معلومات استعمال کر کے جمع کرائے۔ بے روزگاری امداد ڈیبٹ کارڈز پر منتقل ہوتی تھی، جو ملزمہ یا ان کے ساتھیوں کی رسائی والے پتوں پر بھجوائے جاتے تھے، اور ان کارڈز سے اے ٹی ایمز سے تقریباً 2.8 ملین ڈالر نقد نکالے گئے۔ ملزمہ کو سازش اور میل فراڈ کی ایک اور میل فراڈ کی 5 دفعات میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے سزا کے ساتھ 2 سال کی نگرانی میں رہائی، 11.13 ملین ڈالر کی ادائیگی اور 19 لاکھ 65 ہزار ڈالر کی ضبطی کا حکم بھی دیا۔