امریکی ریاست جارجیا میں ایک بڑی ہوم کمنگ پارٹی کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ تقریباً 30 دیگر زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ویانا کے چار بلاکس پر پھیلے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک ہزار سے زائد افراد جمع تھے۔ شیرف کریگ پیوی کے مطابق کم از کم دو مقامات پر 50 سے زائد فائر کیے گئے، اور جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 21 سالہ جیکوین جیکسن اور 23 سالہ میکلیب جیکسن کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق زخمیوں کی عمریں 14 سے 51 سال کے درمیان ہیں، جنہیں علاقے کے مختلف اسپتالوں منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ عینی شاہد ایشلے گی کے مطابق فائرنگ کی آواز مسلسل مشین گن جیسی تھی، جس کے بعد افراتفری پھیل گئی اور لوگ بھاگنا شروع ہوگئے۔ یہ پارٹی ڈولی کاؤنٹی ہائی اسکول کے ہوم کمنگ ویک اینڈ کے موقع پر منعقد کی گئی تھی، تاہم اسکول انتظامیہ کے مطابق یہ باضابطہ اسکول پروگرام نہیں تھا۔کورونر بریٹ والز کے مطابق متعدد افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جبکہ درجن بھر دیگر بھاگنے کی کوشش میں زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق ملزمان کی تلاش جاری ہے۔