نیویارک میں سروں کے سلطان استاد راحت فتح علی خان کا جادو، ہزاروں شائقین جھوم اٹھے
نیویارک (نیوزڈیسک)ورلڈ اسٹار انٹرٹینمنٹ کے زیرِ اہتمام عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار استاد راحت فتح علی خان اور ان کے صاحبزادے شاہ زمان علی خان کا نیویارک میں شاندار میوزیکل کانسرٹ منعقد ہوا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں موسیقی کے دیوانے شریک ہوئے۔
کانسرٹ کے آغاز پر استاد راحت فتح علی خان کے صاحبزادے شاہ زمان علی خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ انہوں نے اسٹیج سنبھالا تو نوجوان مداحوں کا جوش بھی دیدنی تھا۔شاہ زمان کی پرفارمنس میں نوجوان نسل کا جوش اور موسیقی کی روایت کا خوبصورت امتزاج دکھائی دیا استاد راحت فتح علی خان اسٹیج پر آئے تو جیسے پورا ہال ان کا منتظر تھا۔مداحوں نے بھرپور جوش و جذبے سے ان کا استقبال کیا۔
گائیکی سے قبل استاد راحت فتح علی خان نے کہا کہ نیویارک میں پرفارم کرتے ہوئے انہیں ہمیشہ اپنے لوگوں کے درمیان ہونے کا احساس ہوتا ہے۔ یہاں سے ان کی وابستگی بچپن سے ہے، جب وہ استاد نصرت فتح علی خان کے ساتھ یہاں آیا کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ آج مداحوں کے سامنے پرفارم کرکے انہیں بے حد خوشی ہے، کیونکہ یہاں موجود لوگ ان کے اپنے ہیں۔ انہیں فخر ہے کہ وہ عظیم پنجاب کی موسیقی اور ثقافتی روایت سے جڑے ہیں، جسے اب شاہ زمان علی خان آگے بڑھا رہے ہیں۔سروں کے سلطان نے سانسوں کی مالا سے لے کر میرے رشکِ قمر، میں تینوں سمجھاواں کی، تیری میری پریم کہانی اور تیرے مست مست دو نین تک اپنے مقبول گیتوں سے شائقین کے دل جیت لیے۔
راحت فتح علی خان کی آواز میں نصرت فتح علی کا مقبول گیت آفریں آفریں سن کر خواتین مداح بھی خود کو رقص کرنے سے نہ روک سکیں۔ مداح اپنے پسندیدہ گیتوں کے بولوں کے ساتھ گنگناتے رہے اور تالیوں کی گونج سے پورا ہال بار بار گونجتا رہا۔شو کے پروموٹر اور ورلڈ اسٹار انٹرٹینمنٹ کے روح رواں عتیق شیخ نے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا،جبکہ راحت فتح علی خان نے بھی اس کامیاب اور حسین شام کے انعقاد پر عتیق شیخ کے لئے تعریفی کلمات ادا کئے۔
کانسرٹ کا سب سے یادگار لمحہ اس وقت آیا جب استاد راحت فتح علی خان اورانکے بیٹے شاہ زمان علی خان نے ایک ساتھ اسٹیج سنبھالا۔دونوں نے مل کر میرا پیا گھر آیا اور تیرے مست مست دو نین پیش کیے تو حاضرین کی خوشی دیدنی تھی۔ تالیوں اور نعروں سے ہال گونج اٹھا اور مداح اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر دونوں فنکاروں کو داد دیتے رہے۔نیویارک میں ہونے والا یہ کانسرٹ نہ صرف پاکستانی موسیقی کے عالمی اثر و رسوخ کی عکاسی کرتا دکھائی دیا بلکہ راحت فتح علی خان اور شاہ زمان علی خان کی باپ بیٹے کی موسیقی کی خوبصورت جوڑی نے بھی حاضرین کے دل جیت لیے۔