ٹرمپ کا بڑایوٹرن،ڈاک ووٹنگ کی حمایت
نیویارک(نیوزڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے معاملے پر بڑا یوٹرن لے لیا ۔ طویل عرصے تک مخالفت کرنے کے بعد اب ٹرمپ نے ریپبلکن ووٹرز سے قبل از وقت اور ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اگر ریاست میں ارلی ووٹنگ کی سہولت موجود ہے تو ووٹ ڈالنے کے لیے انتظار نہ کریں۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ووٹرز قبل از وقت، بذریعہ ڈاک یا انتخابی دن ذاتی طور پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔یہ موقف ٹرمپ کے سابقہ بیانات سے مختلف ہے۔ وہ ماضی میں ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے سخت مخالف رہے اور اسے انتخابی دھاندلی سے جوڑتے رہے ہیں۔ تاہم، ٹرمپ خود بھی ڈاک کے ذریعے ووٹ استعمال کر چکے ہیں۔امریکا کے مڈٹرم انتخابات میں اب تقریباً ایک ماہ باقی ہے، جبکہ دس لاکھ سے زائد ووٹ پہلے ہی کاسٹ کیے جا چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ابتدائی ووٹنگ میں کئی اہم سینیٹ اور گورنر نشستوں پر ڈیموکریٹس کو برتری حاصل ہے۔ٹرمپ کا یہ یوٹرن پہلی بار نہیں۔ 2024 میں بھی ان کی انتخابی مہم نے سویمپ دا ووٹ یوایس اے کے نام سے مہم شروع کی تھی، جس میں غیر حاضر، ڈاک اور قبل از وقت ووٹنگ کی حوصلہ افزائی کی گئی تھی۔اب سوال یہ ہے کہ ٹرمپ کی نئی اپیل ریپبلکن ووٹرز کے ٹرن آؤٹ اور مڈٹرم انتخابات کے نتائج پر کتنا اثر ڈالتی ہے۔