vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک کی سب سےبڑی مفت سائیکل ریلی’ٹورڈی برونکس‘اتوارکو ہوگی،4 ہزارسےزائدسائیکل سواروں کی شرکت متوقع

0

نیویارک (نیوزڈیسک )سائیکلنگ کے شوقین افراد کے لیے بڑی خبر، اتوار کو برونکس کی سڑکوں پر سائیکلنگ، صحت اور تفریح کا بڑا میلہ سجے گا، جہاں ہزاروں افراد نہ صرف سائیکلنگ سے لطف اندوز ہوں گے بلکہ برونکس کے مختلف خوبصورت اور تاریخی مقامات کا نظارہ بھی کریں گے۔

برونکس میں سائیکلنگ کے شائقین ایک بار پھر بڑی تعداد میں سڑکوں پر ہوں گے۔برونکس ٹائمز کے مطابق شہر کی سب سے بڑی مفت سائیکل ریلی ٹور ڈی برونکس کا 32 واں سالانہ ایڈیشن اتوار 4 اکتوبر کو  منعقد ہوگا۔ریلی میں نیویارک اور گردونواح سے 4 ہزار سے زائد سائیکل سواروں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ شرکاء برونکس کے خوبصورت پارکس، تاریخی مقامات اور مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے نیویارک بوٹینیکل گارڈن پہنچیں گے۔

برونکس ٹورزم کونسل کے زیر اہتمام ہونے والی اس مفت سائیکل ریلی کا مقصد سائیکلنگ کے فروغ کے ساتھ ساتھ برونکس کے خوبصورت علاقوں، پارکس اور تاریخی مقامات کو اجاگر کرنا ہے۔شرکا اپنی سہولت اور جسمانی استعداد کے مطابق 10، 25 یا 40 میل کے روٹ کا انتخاب کر سکیں گے۔تینوں روٹس کا آغاز 161 ویں اسٹریٹ اور گرینڈ کنکورس سے ہوگا، جبکہ تمام سائیکل سواروں کا سفر نیویارک بوٹینیکل گارڈن پر اختتام پذیر ہوگا۔

دس میل کے روٹ میں جوائس کلمر پارک، برونکس سپریم کورٹ، جوائس سینٹر فار آرٹس، مونٹیفیور میڈیکل سینٹر، فورڈہم روڈ اور برونکس زو شامل ہیں۔25 میل کا روٹ سائنٹ فرینز سگل پارک، اسٹار لائٹ پارک، برونکس ریور گرین وے، ساؤنڈ ویو پارک اور ہچنسن ریور پارک وے سے گزرے گا۔جبکہ 40 میل کا طویل روٹ سائیکل سواروں کو سٹی آئی لینڈ، کوآپ سٹی، وان کورٹ لینڈ پارک، ریور ڈیل اور برونکس کمیونٹی کالج تک لے جائے گا۔منتظمین کے مطابق ریلی کے دوران سڑکیں گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند نہیں ہوں گی، اس لیے سائیکل سواروں کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.