نیویارک سٹی کونسل میں پاکستانی کمیونٹی کا جشنِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا
پاکستان کے اناسی ویں یومِ آزادی پر نیویارک سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینن اور ممبران نے امریکن پاکستانی ا یڈوکیسی کے اشتراک سے جشنِ آزادی انتہائی خوبصورتی اور جوش و جذبے سے منایا۔ملی نغموں نے حاضرین کا لہو گرمایا جبکہ نمایاں شخصیات کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔
پاکستان کے اناسی ویں یومِ آزادی کے موقع پر نیویارک سٹی کونسل کی تاریخ میں پہلی بار امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے تعاون سے پاکستان سے محبت اور قومی جوش و جذبے سے بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد پاکستان اور امریکا کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔جشنِ آزادی کی تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ جات سے وابستہ نمایاں شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینن، کونسل وومن لنڈا لی اور دیگر کونسل ممبران نے خطاب کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔سبز و سفید لباس میں ملبوس پاکستانی کمیونٹی کے ممبرا ن نے بڑی فخر سے سٹی کونسل میں سبز ہلالی پرچم لہرائے۔ نیویارک میں متعین پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے شرکا سے خطاب پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط تعلقات اور پاکستانی امریکی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔تقریب میں شریک سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں سے وابستہ پاکستانی امریکن کمیونٹی نے سٹی کونسل میں یوم ِ آزادی کی تقریب کے انعقاد پر اے پیگ کی کاوش کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر اے پیگ کے صدر علی راشد کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی میں اہلیہ کا کردارمثالی ہے،پاکستان کی تہذیب و ثقافت پوری دنیا کے لیے متاثر کن رہی ہے۔جشنِ آزاد ی کی تقریب کے شرکا سے خطاب میں سماجی شخصیات محمد رضوی اور بازہ روحی نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو اجاگر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی نے ہر مشکل حالات میں اپنی شہری اور قومی زمہ دار ی کو احسن طریقے سے نبھایا ہے۔اس موقع پر اے پیگ یوتھ ونگ سے فرحان راشد اور تہمینہ خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت اور صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات علی راشد، محمد رضوی، ذکریا خان اور بازہ روحی سمیت دیگر کوان کی خدمات کے اعتراف میں سائٹیشنز اور ایوارڈز بھی پیش کیے گئے۔تقریب میں شریک سٹی کونسل اراکین نے اے پیگ کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔جشن آزادی کی تقریب میں ملی نغمے نہ گونجے یہ ممکن نہیں ۔نوجوان گلوکار نے مشہور نغمہ دل دل پاکستان پیش کرکے سماں باندھ دیا