نیویارک کے علاقے کراؤن ہائٹس، بروکلین میں فائرنگ کے نتیجے میں پانچ بچوں کی 33 سالہ ماں صوفرا نی ہارٹزوگ جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق برگن اسٹریٹ اور ہاورڈ ایونیو کے قریب ایک گروپ میں جھگڑا ہوا، جس کے بعد فائرنگ شروع ہوگئی۔ صوفرا نی کی کمر میں گولی لگی اور وہ مدد کے لیے قریبی لاؤنج میں پہنچیں، تاہم اسپتال میں دم توڑ گئیں۔فائرنگ میں ایک 34 سالہ شخص بھی پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا، جس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے متعدد گولیوں کے خول برآمد کیے ہیں، تاہم واقعے میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور حملہ آور فرار ہے۔ پولیس نے عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تفتیش شروع کردی ہے۔متوفیہ کے اہلخانہ کے مطابق صوفرا نی پانچ بچوں، جن کی عمریں 6 سے 18 سال کے درمیان ہیں، کی ماں اور معذور افراد کی نگہداشت کے شعبے سے وابستہ ایک محنتی خاتون تھیں۔ اہلخانہ نے واقعے سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد سے پولیس سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔