امریکا کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر مسلسل دوسرے روز بھی برقرار رہی، جہاں 4 کروڑ سے زائد افراد گرمی سے شدید مٹاثر ہوئے ہیں۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ڈوم کے باعث درجہ حرارت اور نمی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں ہیٹ انڈیکس 105 ڈگری فارن ہائیٹ سے تجاوز کر گیا۔ جنوب مغربی ریاستوں میں درجہ حرارت 120 ڈگری فارن ہائیٹ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ریپڈ سٹی ساؤتھ ڈکوٹا میں 112 ڈگری فارن ہائیٹ ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ڈوم کے باعث شدید گرمی کے ساتھ ساتھ بعض علاقوں میں گرج چمک، ژالہ باری اور اچانک سیلاب کا بھی خطرہ ہے۔حکام نے بچوں، بزرگوں اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے پانی زیادہ پینے، دھوپ سے بچنے اور ٹھنڈی جگہوں پر رہنے کا مشورہ دیا ہے۔امریکی موسمیاتی ادارے کے مطابق 2026 کا پہلا نصف سال امریکا کی تاریخ کا دوسرا گرم ترین دور ریکارڈ کیا گیا ہے۔