امریکا میں ایک سال سے کم عمر بچوں کی اموات کی شرح 2025 میں تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔
امریکی محکمہ صحت کے ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC) کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال ہر ایک ہزار زندہ پیدائشوں پر تقریباً 5.4 بچوں کی اموات ریکارڈ کی گئیں، جو 2024 میں 5.5 اور اس سے قبل دو برسوں میں 5.6 تھیں۔اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں امریکا میں تقریباً 19 ہزار 350 بچوں کی ایک سال کی عمر سے پہلے موت ہوئی، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 20 ہزار 50 اور 2023 میں 20 ہزار 160 تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شرح میں یہ کمی معمولی نظر آتی ہے لیکن اس کا مطلب سالانہ سینکڑوں بچوں کی جانیں بچنا ہے۔ماہرین کے مطابق اس بہتری کی ایک وجہ بچوں کو آر ایس وی وائرس سے بچانے کے لیے متعارف کرائی گئی نئی حفاظتی تدابیر ہو سکتی ہیں، جن میں نومولود بچوں کے لیے اینٹی باڈی انجیکشن اور حاملہ خواتین کے لیے آر ایس وی ویکسین شامل ہے۔ اس کے علاوہ محفوظ نیند کے طریقوں سے متعلق آگاہی مہمات نے بھی اچانک شیر خوار بچوں کی اموات کے واقعات میں کمی لانے میں کردار ادا کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اگرچہ امریکا میں گزشتہ کئی دہائیوں سے بچوں کی اموات کی شرح مسلسل کم ہو رہی ہے، تاہم یہ اب بھی کئی ترقی یافتہ ممالک جیسے اٹلی، جاپان، اسپین اور سویڈن کے مقابلے میں زیادہ ہے۔