امریکی ریاست نیو جرسی کے اوشین کاؤنٹی میں ایک آئی سی ای ایجنٹ نے گرفتاری کے دوران فرار ہوتے ملزم کی گاڑی پر فائر کھول دیا، جس کے بعد علاقے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسٹافورڈ ٹاؤن شپ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح ساڑھے نو بجے روٹ 72 پر مرمیڈ ڈرائیو کے قریب ماناہاوکن علاقے میں پیش آیا۔ آئی سی ای ایجنٹ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لینے کی کوشش کر رہا تھا کہ ملزم نے گاڑی میں فرار ہوتے ہوئے ایجنٹ کو ٹکر مار دی، جس کے بعد ایجنٹ نے فرار ہوتی گاڑی پر فائر کھول دیا اور گولی گاڑی کو لگی۔ ملزم موقع سے فرار ہو گیا اور ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ وہ زخمی ہوا یا نہیں، تاہم آئی سی ای ایجنٹ زخمی ہوا جس کی تفصیل ابھی سامنے نہیں آئی۔ اسٹافورڈ ٹاؤن شپ پولیس نے واضح کیا کہ وہ اس آئی سی ای آپریشن کا حصہ نہیں تھی اور تحقیقات جاری ہیں۔