اے پیک کی انٹرنیشنل بزنس اینڈ ٹریڈ ونگ کے قیام کا اعلان
آل پاکستانی امریکن کولیشن کے بانی و چیئرمین شیخ توقیر الحق نے تنظیم کی نئی انٹرنیشنل بزنس اینڈ ٹریڈ ونگ اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق نئی ونگ براہِ راست اے پیک کے ایگزیکٹو بورڈ کے تحت کام کرے گی، جبکہ اس کے اراکین اسلام آباد وومین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انٹرنیشنل پارٹنرز ممبرز بھی ہوں گے اور اے پیک کے آئین و ضوابط کی پابندی کریں گے۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس ونگ کے قیام کا مقصد خواتین، مردوں اور نوجوانوں کو کاروبار اور تجارت کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا، انہیں اپنا کاروبار شروع کرنے میں مدد دینا اور امریکہ و پاکستان کی معیشت میں بطور امپورٹر، ایکسپورٹر اور فرنچائزر فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔اے پیک کے مطابق جلد ہی کمیونٹی اراکین کے لیے اس خصوصی ونگ کی رکنیت کا آغاز کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اے پیک کے تمام بورڈز کے تعاون سے اس ونگ کو مزید وسعت دی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق آئندہ منعقد ہونے والے فزیکل اجلاس میں نئی ونگ کے اراکین سے اے پیک کے چیئرمین یا صدر حلف لیں گے۔ بزنس اینڈ ٹریڈ ونگ کی عہدیداران میں مسز عالیہ توقیر چیئرپرسن، عطیہ شہناز کو چئیرپرسن ڈاکٹر سندس علی صدر طاہرہ تاج دین سینئر نائب صدر، ڈاکٹر اقرا عاشق نائب صدر، نورِ صبا سلیم نائب صدر جبکہ گلناز احمدڈائریکٹر کے فرائض انجام دیں گی۔شیخ توقیر الحق نے کہا کہ فاروق مرزا بطور کولیبوریٹ پارٹنر بزنس اینڈ ٹریڈ کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کے تعاون سے اے پیک اپنے مشن کو کامیابی سے آگے بڑھا رہی ہے۔انہوں نے تنظیم میں شامل نئے اور پرانے اراکین کو خوش آمدید بھی کہا۔