نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں حمید ارمانی پہلے افغانی نژاد ڈپٹی انسپکٹر بن گئے
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں ایک اور مسلمان پولیس افسر کو اعلیٰ عہدے پر ترقی مل گئی۔ حمید ارمانی پہلے افغانی نژاد ڈپٹی انسپکٹر بن گئے ۔۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے دو سو افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی جن میں 63 سویلین بھی شامل ہیں ۔ پولیس ہیڈ کوارٹرز ون پولیس پلازہ میں منعقدہ تقریب کا آغاز امریکی قومی ترانے سے ہوا اور پولیس کے دستوں نے سلامی دی ۔۔تقریب میں نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی ، پولیس کمشنر جیسیکا ٹش سمیت اعلیٰ افسران شریک ہوئے ۔شرکا سے خطاب میں میئر زوہران ممدانی کا کہنا تھا کہ یہ شہر اور یہاں کا پولیس ڈیپارٹمنٹ غیر معمولی اہمیت کا حا مل ہے، یہاں کے جوان اور افسران نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنا یا ہے۔این وائے پی ڈی نے انسپکٹر، ڈپٹی انسپکٹر، کیپٹن ، لوٹیننٹ، سارجنٹ، ڈیٹیکٹیو سمیت دیگر رینک کے حامل افسران کو اگلے عہدوں پر فائز کیا ہے ۔۔ ترقی پانے والوں میں کیپٹن حمید ارمانی بھی شامل ہیں جنھوں نےپہلے افغان نژاد ڈپٹی انسپکٹر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔حمید ارمانی نے 26 سال قبل سن 2000 میں امریکا ہجرت کی اور پھر 2006 میں نیویارک پولیس میں شمولیت اختیار کی ۔2016 میں دوران ڈیوٹی حمید ارمانی کی گاڑی میں نامعلوم شخص بم پھینک کر چلا گیا تھا جسے انھوں نے اپنی جان پر کھیل کر عوامی مقام سے دور پہنچایا۔تقریب میں ترقی پانےو الے پولیس افسران ،ان کے اہلخانہ اور مختلف کمیونٹی کے نمائندہ افراد نے بھی شرکت کی۔ حاضرین سے خطاب میں پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے ترقی پانے پر افسرا ن کو مبارکباد دی اور شہر کو محفوظ بنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر پولیس چیپلن نے ایسٹر کی مبارکباد دی اور امن و امان کے قیام کے لیے دعا کرائی۔