امریکا میں جزوی حکومتی بندش کے باعث ائیرپورٹس پر سیکیورٹی چیکنگ کی طویل قطاریں بدستور برقرار ہیں، حالانکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے عملے کو فوری تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم جاری کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق مصروف سفری سیزن کے دوران بڑے ائیرپورٹس نے مسافروں کو پرواز سے کئی گھنٹے پہلے پہنچنے کی ہدایت جاری کر رکھی ہے، کیونکہ عملے کی کمی کے باعث سیکیورٹی چیکنگ کا عمل سست روی کا شکار ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ تنخواہوں کی ادائیگی جلد شروع ہونے کی امید ہے، تاہم اس کے اثرات فوری طور پر نظر آنے کا امکان کم ہے۔ ماہرین کے مطابق عملے کی مکمل واپسی اور نظام کی بہتری میں ایک سے دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق حکومتی بندش کے دوران متعدد اہلکار غیر حاضر رہے جبکہ کچھ ملازمین ملازمت چھوڑ بھی چکے ہیں، جس کے باعث ائیرپورٹس پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور اضافی وقت لے کر ائیرپورٹ پہنچیں۔