vosa.tv
Voice of South Asia!

جنگ کا نواں روز: ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملے،ایران کے بھی اسرائیل پر جوابی وار

0

ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے نتیجے میں دونوں ممالک میں جانی و مالی نقصانات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اسرائیلی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک تقریباً ایک ہزار نو سو انتیس افراد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے ایک سو ستاون افراد گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسپتال منتقل کیے گئے۔

اسرائیلی حکام کے مطابق زیرِ علاج افراد میں نو مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ بیالیس افراد کی حالت درمیانی نوعیت کی ہے۔ اس کے علاوہ ستر افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متعدد افراد حملوں کے دوران محفوظ پناہ گاہوں کی جانب جاتے ہوئے زخمی ہوئے۔دوسری جانب ایران کی وزارتِ صحت کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں اب تک بارہ سو سے زائد ایرانی شہری شہید ہو چکے ہیں۔ وزارت کے ترجمان حسین کرمان پور کے مطابق شہدا میں تقریباً دو سو بچے اور دو سو خواتین بھی شامل ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں لگ بھگ چار سو خواتین شامل ہیں۔ادھر ایران کے دارالحکومت تہران میں آئل ڈپوز کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی ویڈیوز میں تیل کے ذخیرہ کرنے والی تنصیبات پر حملے کے بعد آگ کے بلند شعلے اور دھوئیں کے بادل فضا میں اٹھتے دیکھے گئے۔ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق اتوار کو ہونے والے حملوں میں تہران اور قریبی صوبے البرز میں چار آئل اسٹوریج ڈپو اور ایک آئل ٹرانسفر مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے میں چار ٹینکر ڈرائیوروں کی ہلاکت کی بھی اطلاع ملی ہے۔ایرانی ہلالِ احمر سوسائٹی کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں اب تک نو ہزار چھ سو انہتر شہری یونٹس تباہ ہو چکے ہیں جن میں سات ہزار نو سو تینتالیس رہائشی مکانات اور ایک ہزار چھ سو سترہ تجارتی یونٹس شامل ہیں۔دوسری جانب لبنان کے جنوبی گاؤں سر الغربیہ میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں کم از کم انیس افراد ہلاک ہو گئے۔ لبنانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ ایک تین منزلہ عمارت پر کیا گیا جس کے باعث خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد ملبے تلے دب گئے جبکہ امدادی ٹیمیں لاشوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ادھر قبرص میں بھی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر احتیاطی اقدامات جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اکروتیری کے علاقے میں تقریباً ایک ہزار افراد کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جب ایک ایرانی ساختہ ڈرون برطانوی فوجی اڈے کے قریب گر گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.