تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیجی خطے میں امریکی فوجی اہداف پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن میں 160 امریکی فوجیوں کو نشانہ بنانے اور 100 سے زائد کی ہلاکت کا دعویٰ شامل ہے۔
ایرانی بیان کے مطابق بحرین میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر اور دیگر فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، جبکہ کویت، قطر اور عراق میں بھی امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کا کہا گیا ہے۔ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری تصدیق نہیں ہو سکی۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مبینہ حملوں کے جواب میں کی گئیں۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ بیک وقت 230 حملہ آور ڈرونز لانچ کیے گئے اور خطے میں مختلف فوجی و انٹیلی جنس مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب اسرائیل کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اگر ایران میں سپریم لیڈر کے بعد کوئی نیا رہنما مقرر کیا گیا تو اسے بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی میڈیا میں مجتبیٰ خامنہ ای کے ممکنہ طور پر ایرانی قیادت سنبھالنے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے ایران کی جانب سے کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سخت بیانات اور جوابی دعوے صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتے ہیں، جبکہ سفارتی کوششوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔