شکاگو میں قمری سال گالا، ڈاکٹر ٹیپو صدیق کو مثالی کمیونٹی سروس ایوارڈ
شکاگو میں ایشین امریکن کولیشن نے اپنے تینتالیسویں سالانہ قمری سال گالا کا شاندار انعقاد کیا، جس میں مختلف ایشیائی امریکی کمیونٹیز کی چار دہائیوں پر محیط خدمات اور ثقافتی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کی میزبانی اس سال چینی امریکی کمیونٹی نے کی، جب کہ پاکستان اگلے سال اس گالا کی میزبانی کرے گا۔ ہر سال دس ایشیائی کمیونٹیز باری باری اس تقریب کا اہتمام کرتی ہیں، جن میں چینی، فلپائنی، بھارتی، انڈونیشیائی، جاپانی، کوریائی، ملائیشیائی، پاکستانی، تھائی اور ویتنامی کمیونٹیز شامل ہیں۔ اس سال "گھوڑے کے سال” کی مناسبت سے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے۔تقریب میریٹ مارکوئس شکاگو کے گریٹ لیکس بال روم میں منعقد ہوئی جہاں ایک ہزار سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز خصوصی استقبالیہ سے ہوا جس میں معروف فنکاروں نے پرفارم کیا۔ بعد ازاں شیر ڈانس اور دیگر روایتی چینی ثقافتی مظاہرے پیش کیے گئے۔امریکی سینیٹر ٹیمی ڈک ورتھ، الینوائے کے خزانچی مائیکل فریچس اور شکاگو کے میئر برینڈن جانسن سمیت متعدد منتخب نمائندوں نے شرکت کی اور ایشیائی امریکی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔تقریب میں مختلف اعزازات بھی پیش کیے گئے۔ پاکستانی نژاد معروف سائنسدان اور نیورولوجسٹ ڈاکٹر ٹیپو صدیق کو مثالی کمیونٹی سروس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر ٹیپو صدیق نے امیوٹروفک لیٹرل سکلیروسیس سے متعلق اہم جینیاتی تحقیق کی بنیاد رکھی اور شکاگو میں اس مرض کے بڑے تحقیقی مرکز کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ایشین امریکن کولیشن شکاگو کو الینوائے کی قدیم اور بڑی پین ایشین تنظیموں میں شمار کیا جاتا ہے، جو مختلف برادریوں کے درمیان ہم آہنگی، قیادت اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔