نیویارک کے میئر زوہران نے کونی آئی لینڈ میں نئے بزنس امپروومنٹ ڈسٹرکٹ کے قیام کی منظوری دے دی، جس کے بعد یہ بروکلین کا 24واں جبکہ شہر بھر کا 78واں بزنس ڈسٹرکٹ بن گیا ہے۔
میئر کی جانب سے 15 فروری 2026 کو سرٹیفکیٹ آف انکارپوریشن پر دستخط کے بعد کونی آئی لینڈ بزنس امپروومنٹ ڈسٹرکٹ کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ پہلے سال کے لیے اس کا آپریٹنگ بجٹ 10 لاکھ ڈالر تک رکھا گیا ہے۔ حکام کے مطابق نیا ڈسٹرکٹ عالمی شہرت یافتہ تفریحی علاقے کے اطراف کاروباروں کو اضافی سہولیات فراہم کرے گا اور پورے سال معاشی سرگرمیوں کو تقویت دے گا۔شہری انتظامیہ کے مطابق یہ ڈسٹرکٹ جولائی 2026 تک فعال ہو جائے گا، عین اس وقت جب موسمِ گرما میں علاقے میں سیاحوں کی تعداد عروج پر ہوتی ہے۔ اندازوں کے مطابق ہر سال 50 لاکھ سے زائد افراد کونی آئی لینڈ کا رخ کرتے ہیں۔ محکمہ برائے چھوٹے کاروبار پہلے ہی علاقے میں تجارتی بحالی اور تاجروں کی تنظیم سازی کے لیے 8 لاکھ 50 ہزار ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کر چکا ہے۔میئر زوہران ممدانی کا کہنا تھا کہ یہ اقدام اُن محنت کش شہریوں اور چھوٹے کاروباروں میں سرمایہ کاری ہے جو اس علاقے کو سال بھر متحرک رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق مرمیڈ ایونیو اور سرف ایونیو کے اطراف صفائی، عوامی مقامات کی بہتری اور کاروباری معاونت سے ایک صاف، محفوظ اور خوشحال کونی آئی لینڈ کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔نیا بزنس امپروومنٹ ڈسٹرکٹ مرمیڈ ایونیو اور سرف ایونیو کے اطراف دکانوں اور املاک پر مشتمل ہوگا اور سال بھر مقامی کاروباری برادری کا شراکت دار بنے گا۔ اس کے تحت صفائی اور دیکھ بھال، عوامی مقامات کی خوبصورتی، تشہیری مہمات اور تقریبات، کاروباری معاونت اور مقامی تاجروں و مالکان کی نمائندگی جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔