نیویارک پولیس کے افسران مسلم کمیونٹی سے ملاقات کے لیے مکی مسجد پہنچ گئے
نیویارک پولیس کے اعلیٰ افسران رمضان کی آمد سے قبل مسلم کمیونٹی سے ملاقات کے لیے مکی مسجد پہنچ گئے۔۔پولیس نے یقین دہانی کرائی کہ سحری و افطار اور نماز کے دوران مساجد کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کمیونٹی افیئرز بیورو کے ڈپٹی چیف ریچی ٹیلر کی سربراہی میں مسلمان افسران پر مشتمل وفد نے نمازِ جمعہ سے قبل مکی مسجد کا دورہ کیا اور انتظامیہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر ٹریفک انفورسمنٹ ایجنٹ میں تعینات پاکستانی نژاد ڈپٹی انسپکٹر اویس خانزادہ سے نمازیوں کو خوشخبر ی سنائی کہ رمضان المبارک میں شہر کے تمام بورو کی مساجد میں نماز اور تراویح کےدوران ڈبل پارکنگ پر ٹکٹ نہیں ملے گا، ٹکٹ ملنے کی صورت میں 2 دن سے اند ر مسجد انتظامیہ سے رابطہ کریں۔اس موقع پر مکی مسجد کے صدر ظفر اقبال، پیش امام قاری اوسامہ اور دیگر شخصیا ت بھی موجود تھیں ۔نمازیوں سے خطاب میں این وائے پی ڈی میں پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا کا کہنا تھا یہ سہولت صر ف نماز کے اوقات کار کے لیے مختص ہے،ایسا کوئی عمل نہ کریں جو پوری کمیونٹی کے لیے شرمندگی کا باعث بنے ۔قبل ازیں ڈپٹی چیف ریچی ٹیلر نے کہا کہ جب جب انھوں نے اسلام کے بار ے میں معلومات حاصل کیں انھیں امن، محبت، بھائی چارگی کا پیغام ملا، رمضان اللہ کی نعمتوں کی موجودگی کا احساس دلاتا ہے۔اپنی تقریر کے اختتام پر ریچی ٹیلر نے نمازیوں کو رمضان المبارک کی مبادکباد دی اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔۔